بنگلورو:30/مارچ(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے شہری رسد وخوراک یوٹی قادر نے کہاکہ یکم اپریل سے راشن کارڈ ہولڈروں کو ماہانہ دئے جانے والے پانچ کلو چاول کی مقدار بڑھاکر سات کلو کردی جائے گی۔ اس سے ریاستی خزانے پر ماہانہ 30 کروڑ اور سالانہ 400 کروڑ روپیوں کا بوجھ بڑھے گا۔آج ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہر ماہ پہلی سے 15 تاریخ تک راشن کی تقسیم کردی جائے گی۔ جن کے پاس کوپن نہیں ہیں وہ راست طور پر راشن خرید سکتے ہیں، جنہوں نے پہلے ہی کوپن لے رکھا ہے کوپن دے کر وہ بھی راشن حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے بی بی ایم پی کے تمام 198وارڈوں میں اندرا کینٹین شروع کرنے جس منصوبے کا اعلان کیاگیا ہے، اسے جلد ہی عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کینٹینوں کے ذریعہ عوام کو رعایتی قیمت پر کھانے کی فراہمی کرنے کیلئے حکومت نے سو کروڑ روپیوں کا بجٹ مہیا کرایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اندرا کینٹین کیلئے کھانا مہیا کرانے کے سلسلے میں رفاہی ادارہ اسکان سے بات چیت کی گئی ہے۔ بات چیت قطعیت پانے کے بعد اندرا کینٹین کی شروعات بلاتاخیر کردی جائے گی۔